حوزہ نیوز ایجنسی بوشہر سے رپورٹ کے مطابق، ایران کے شہر دیّر میں سپاہ سید الشہداء کے کور کمانڈر سید علی حسینی نے قرآن کریم کے قاریوں اور خادمین کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں گفتگو کے دوران کہا: اگر ہم تقوا کو معیار قرار دیں تو خداوند متعال بھی ہمیں مادی اور روحانی رزق عطا کرے گا اور قرآنِ کریم سے انس بھی اسی روحانی رزق میں سے ایک ہے۔
انہوں نے مزید کہا: ہم اپنے آپ کو تب ہی ایک قرآنی انسان کہہ سکتے ہیں جب قرآن ہماری شخصیت اور اخلاق سے لے کر ہمارے طرز عمل تک زندگی کے تمام پہلوؤں میں جھلکتا نظر آتا ہو۔
سپاہ سید الشہداء کے کور کمانڈر نے کہا: ہمیں اپنی زندگیوں اور اپنے بچوں کے لیے رول ماڈل کے انتخاب میں دقت سے کام لینا چاہیے۔ ہمیں قرآنِ کریم کو اپنی زندگیوں میں حقیقی ہمراہ اور رول ماڈل کے طور پر منتخب کرنا چاہئے۔
انہوں نے مزید کہا: اگر والدین خود قرآنِ کریم سے مانوس ہوں اور گھر میں قرآن کے احکامات کے مطابق برتاؤ کریں تو قدرتی طور پر ان کے بچے بھی اس کی پیروی کریں گے۔
قابلِ ذکر ہے کہ اس تقریب کے آخر میں ترتیل خوانی کے پروگرام میں قرآن پاک کے 50 قاریوں اور خادمین اور اسی طرح منعقدہ قرآنی مقابلوں ممتاز پوزیشن حاصل کرنے والوں کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔